حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مشہد المقدس/ یہ کانفرنس رضوی اسپتال اور اٹلی کی ٹی او بی آئي تنظيم کے تعاون سے 26 فروری اور 12 مارچ کو منعقد ہوئی جس کے دوران شرکاء نے اس شعبے میں تازہ علمی اور سائنسی تحقیقات سے آشنائي حاصل کی ۔
اٹلی میں دو انجیو پلاسٹی کے آپریشن کو لائیو دکھایا گيا۔اس بین الاقوامی ویبینار کے دوسرے مرحلے میں یعنی 12 مارچ کو سی ٹی او کے سلسلے میں نئی تحقیقات سے آشنائي حاصل کی گئي اور اٹلی میں پینتالیس اور باون سالہ دو بیماروں کی انجیو پلاسٹی کے آپریشن کو براہ راست دکھایا گیا۔
اسی طرح ایرانی ڈاکٹروں کے ذریعے کئے گئے چار آپریشن کی ریکارڈنگ بھی ویبینار میں دکھائي گئي اور آپریشن میں استعمال کی گئي تکنیکوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ویبینار کے دوسرے دن دل کے انٹرونیشن کے چار سو سے زائد ماہرین نے پانچ گھنٹے تک ویبینار کا مشاہدہ کیا اور اس اجلاس کے تدریسی عملہ میں ایران، اٹلی، جرمنی، ہندوستان اور ترکی کے اساتیذ شامل تھے۔
واضح رہے کہ رضوی اسپتال گزشتہ تین برسوں سے ہارٹ سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس کا مشہد میں انعقاد کرتا ہے جس میں دنیا بھر کے مشہور ہارٹ اسپیشلسٹ اور معروف تنظیموں کے اراکین شرکت کرتے ہيں لیکن اس سال کورونا کی وجہ سے یہ کانفرنس آنلائن منعقد کی گئي ۔